بھارتی شہر دہرادون میں آموں سے بھرا ٹرک الٹ گیا، شہریوں نے سڑک کو ہی آم منڈی بنا ڈالا، رسیلے آموں پر شہریوں کے ٹوٹنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے دارالحکومت دہرادون کے رسپنا پل پر ایک دلچسپ اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جہاں آموں سے لدا ہوا ایک ٹرک الٹ گیا۔ سیکڑوں آم سڑک پر بکھر گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے مقامی لوگ اور راہگیر بڑی تعداد میں وہاں پہنچ گئے۔
حادثے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن اصل تماشہ اس کے بعد شروع ہوا جب لوگ تھیلے، ٹوکریاں اور بوریاں لے کر آم اکٹھا کرنے دوڑ پڑے، چند ہی لمحوں میں سڑک ایک آم میلے کا منظر پیش کرنے لگی، جہاں ہر طرف لوگ ہی لوگ تھے، جو آم سمیٹنے میں مصروف تھے۔
پولیس نے کچھ دیر بعد موقع پر پہنچ کر ٹریفک بحال کرایا اور صورتحال کو کنٹرول کیا۔
اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، سوشل میڈیا صارفین ویڈیوز پر ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کررہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ بھارت کبھی ترقی یافتہ ملک نہیں بن سکتا، قصور صرف نظام کا نہیں، عوام کا بھی ہے۔