کراچی:
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) سی آئی اے پولیس نے سعید آباد سے 7 ماہ قبل اغوا کیے جانے والے 4 سالہ بچے کو بحفاظت بازیاب کر کے اغوا کار گروہ کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے بتایا کہ 7 ماہ قبل سعید آباد سے 4 سالہ حسین کو اغوا کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ سعید آباد تھانہ میں درج ہے اور کیس کی تفتیش فروری میں ایس آئی یو کو منتقل کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے کڑی محنت اور حکمت عملی سے سعید آباد کے علاقے میں چھاپہ مار کر مغوی بچے حسین کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔
ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس نے اغوا میں ملوث گروہ کے سرغنہ جمیل برہان، اس کی اہلیہ میرہ اور ملزم کی والدہ ممتاز بیگم عرف پیرانی کو گرفتار کرلیا۔
شعیب میمن نے بتایا کہ گروہ کا سرغنہ جمیل برہان اپنی بیوی اور والدہ کے ساتھ مل کر بچوں اور بچیوں کو اغوا کر کے جعلی پیر اور عملیات کا ڈھونگ رچا کر مغویوں کے اہل خانہ سے بھاری رقوم بٹورتا ہے اور ملزم نے سعید آباد کے علاقے میں اپنا جعلی آستانہ بھی بنایا ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ ممتاز بیگم عرف پیرانی 4 سالہ حسین کے اہل خانہ سے اب تک 80 ہزار سے ایک لاکھ کی رقم وصول کر چکی ہے۔
ایس ایس پی شعیب میمن نے دیگر کیسز کا حوالے سے بتایا کہ گرفتار بھارتی جاسوس سے تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں اور حالیہ پاک-بھارت جنگ میں پکڑے گئے جاسوسوں کا کوئی کردار سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کے 43 کیسز رجسٹرڈ ہیں جس میں پولیس نے 33 کیسز کو حل کرلیا ہے۔