پاکستان انڈسٹری کی بےباک اداکارہ مشی خان نے اداکارہ حمیرا اصغر کے والدین کے روپے پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان پر کیس کو کمزور کرنے کا الزام لگادیا۔
اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت اور اس کے دل دہلا دینے والے حقائق نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے، عوام اب انصاف اور آزاد و شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں متعدد مشہور شخصیات آواز بلند کر رہی ہیں، جس میں اداکارہ مشی خان پیش پیش ہیں، انہوں نے نا صرف حمیرا کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا بلکہ ان کے والدین کے رویے پر بھی شدید تنقید کی ہے۔
مشی خان نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ حمیرا اصغر کے والدین خود ان کے کیس کو کمزور کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے تاحال کسی قسم کی تفتیش یا ایف آئی آر درج نہیں کروائی، اگر خاندان ایسا نہ کرے تو ریاست کو خود کارروائی کرنی چاہیے، پولیس کو اب تحقیقات کرنی ہوں گی کہ آیا یہ قدرتی موت تھی یا قتل۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے والدین کا انٹرویو بھی غیر تسلی بخش تھا، انٹرویو لینے والا خود سوال کر کے انہیں جواب سکھا رہا تھا، اب وہ کہہ رہے ہیں ہم لاعلم تھے، ہمیں صدمہ ہے، ہم نے اسے کام کرنے کی اجازت دی تھی وغیرہ لیکن 10 مہینے تک وہ کہاں تھے؟ انہیں اپنی بیٹی کی کوئی پرواہ نہیں تھی کہ وہ کیسی ہے، کہاں ہے، کس حال میں ہے؟ جب لاش ملی تو انہوں نے قبول تک نہیں کی کیونکہ انہیں بدنامی کا ڈر تھا، انہوں نے ماں باپ کے فرائض ادا نہیں کیے، وہ والدین کے کردار میں مکمل طور پر ناکام رہے۔
مشی خان کی اس کھری اور جذباتی بات پر سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد ان سے متفق نظر آ رہی ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ بعض اوقات والدین خود اپنی اولاد پر ظلم کرتے ہیں اور حمیرا کے ساتھ بھی شاید یہی ہوا، کاش اس معاشرے میں اولاد کو اتنی آزادی اور تحفظ ملے کہ وہ ایسے حالات میں تنہا نہ مریں، آپ نے دل کی بات کہی ہے، ایسے والدین کا کردار واقعی قابل مذمت ہے۔