عالمی شہرت یافتہ امریکی اداکارہ و گلوکارہ جنیفر لوپیز نے پانچویں شادی نہ کرنے کی وجہ بتادی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق بدھ کو جب جنیفر لوپیز اسپین میں شو کے لیے اسٹیج پر آئیں تو انہوں نے دیکھا حاضرین میں سے ایک شخص نے ان کے لیے شادی کی پیشکش کا پلے کارڈ اٹھا رکھا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس پر 55 سالہ جنیفر لوپیز نے جواب دیا کہ میں نے اسے چند بار آزمایا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ میرا بس ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ 55 سالہ جنیفر لوپیز کو 4 مرتبہ طلاق ہوچکی ہیں۔ ان کی پہلی شادی اداکار اوجانی نوا سے 1997 میں ہوئی تھی جو کہ بہت ہی کم وقت تک قائم رہ سکی تھی۔
اس کے بعد اداکارہ کی دوسری شادی 2001 میں امریکی اداکار کرس جڈ سے ہوئی جس کے بعد 2003 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی۔
جنیفر لوپیز نے تیسری شادی امریکی گلوکار و اداکار مارک اینتھونی سے 2004 میں کی جو 10 سال تک قائم رہی۔
اس کے بعد جنیفر لوپیز اور ہالی ووڈ اداکار بین ایفلیک نے جولائی 2022 میں لاس ویگاس میں شادی کی تھی لیکن صرف 2 سال بعد اگست 2024 میں دونوں نے اختلافات کی بنیاد پر باقاعدہ طلاق لے لی تھی۔