معروف کامیڈین اور اداکار ویرداس نے ایک انٹرویو میں ماضی کے مقبول ترین رومانوی جوڑی رشی کپور اور ان کی اہلیہ نیتو کے درمیان ہونے والے ایک جھگڑے کا انکشاف کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔
ویر داس نے پوڈکاسٹ میں دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ایک پرواز کی بزنس کلاس میں رشی کپور اپنی اہلیہ کے ساتھ تھے اور میں بھی پچھلی نشست پر بیٹھا تھا۔
اچانک دونوں کے درمیان جھگڑے کی آوازیں آنا شروع ہوگئیں۔ دونوں کے درمیان کیک کا ایک ٹکڑا کھانے پر تکرار ہورہی تھی۔
نیتو جی اپنے شوہر رشی کپور کو کیک کھانے سے منع کر رہی تھیں کہ ڈاکٹر نے آپ کو منع کیا ہے اور میں یہ آپ کو کھانے نہیں دوں گی۔
جس پر رشی کپور نے قدرے اونچے لہجے میں کہا کہ ‘مجھے کیک چاہیے، بھاڑ میں گیا سب!” اور ناراض ہوگئے۔
کامیڈین ویر داس نے مزید بتایا کہ پھر اچانک رشی کپور اپنی نشست سے اٹھے اور میرے پاس آ کر بیٹھ گئے اور ہنستے ہوئے پوچھا کہ بیٹا، تُو اپنا کیک کھائے گا؟
ویر داس کے بقول پھر رشی کپور نے میرا کیک کھالیا۔
پوڈ کاسٹ میں کامیڈین ویر داس نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر آپ رشی کپور ہیں تو آپ سب کچھ کر سکتے ہیں، یہاں تک کہ کسی اور کا کیک بھی کھا سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ ویر داس فلم نمستے لندن میں رشی کپور کے ساتھ ایک مختصر کردار میں نظر آئے تھے۔
لیجنڈری اداکار رشی کپور 30 اپریل 2020 کو خون کے کینسر کے باعث ممبئی میں انتقال کر گئے تھے۔