کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری رانا مجاہد علی خان نے کہا ہے کہ بھارت میں شیڈول ہاکی ایونٹس کیلئے حکومتی ہدایات کا انتظار ہے، وہی کریں گے جو حکومت کا فیصلہ ہوگا۔ حتمی فیصلہ وزیر اعظم پاکستان کریں گے۔ ہمیں کوئی اطلاع نہیں دی گئی کہ بھارتی حکومت نے اعتراض کیا ہے، ہم نیوٹرل وینیو کا مطالبہ بھی کرسکتے ہیں، اے ایچ ایف اور ایف آئی ایچ نیوٹرل وینیو کا فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔ نیشنز کپ اور انڈر 18ایشیا کپ کے علاوہ کھلاڑیوں کو باقی ٹورنامنٹس کے ڈیلی الاؤنس مل گئے ہیں۔ ہم نے ایک ارب یا 70 کروڑ روپے کی رقم کا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ ہاکی کیلئے کم ازکم سالانہ 75 کروڑ روپے کا بجٹ درکار ہے۔