کراچی:
شہر قائد کے گڈاپ سٹی میں ٹول پلازہ کے قریب پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کار کے ذریعے گٹکا ماوا اور چھالیہ کی بھاری مقدار کی ترسیل ناکام بنا دی۔
کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں ایک مشتبہ کار کو روکا گیا، جس کی تلاشی کے دوران گاڑی سے 10 کلو تیار شدہ گٹکا ماوا اور 342 کلو چھالیہ برآمد کی گئی۔
ضبط شدہ سامان کو اسمگلنگ کے ذریعے شہر میں فروخت کے لیے لایا جا رہا تھا۔
کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کی شناخت عبد الرحمان کے نام سے ہوئی ہے، جسے موقع سے گرفتار کر کے کار بھی تحویل میں لے لی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ گٹکا ماوا اور چھالیہ کی فراہمی میں ملوث دیگر عناصر کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔