کراچی:
شہر قائد میں سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 4-اے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب چوری کی ایک بڑی واردات سامنے آئی۔
واردات میں نامعلوم ملزم گھر سے 10 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور 60 ہزار روپے نقدی چرا کر فرار ہو گیا۔
ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن محمد علی کے مطابق، واردات احسن نامی شہری کے گھر میں اُس وقت پیش آئی جب وہ اور اہلِ خانہ سو رہے تھے۔
ملزم جو مبینہ طور پر کم عمر لڑکا تھا، گھر کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوا اور 3 تولہ سونا اور نقد رقم چرا کر موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قریبی رہائشی شخص نے کم عمر چور کو گھر کی دیوار پھلانگ کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا تاہم شناخت نہ ہو سکی۔ ولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔