کراچی:
کراچی کے اہم دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث پانی کی فراہمی متاثر ہوئی، تاہم کے-الیکٹرک اور واٹر کارپوریشن کی جانب سے مرمتی کام تیزی سے جاری ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر بجلی کی بحالی کے لیے مرمتی سرگرمیاں رات گئے تک بغیر کسی تعطل کے جاری رہیں۔
سپرنٹنڈنگ انجینئر بلک اقبال پلیجو خود سائٹ پر موجود ہیں اور مرمتی کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ مرمتی کام کا 60 فیصد حصہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
متاثرہ لائن پر ایک مقام پر لیکیج کی مرمت مکمل ہو چکی ہے، جبکہ دوسرے مقام پر کام تیزی سے جاری ہے۔
واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق، متاثرہ پائپ لائن کی مکمل بحالی کے بعد شہر میں پانی کی فراہمی معمول پر آجائے گی۔