کراچی:
مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے حالیہ فیصلے نے مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو مزید مشکلات میں دھکیل دیا ہے۔
آفاق احمد نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف ڈیڑھ ماہ کے دوران پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 18 روپے 54 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوچکا ہے جو عوام پر مہنگائی کا نیا بوجھ ہے۔
ان کے مطابق 16 جون کو پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے، یکم جولائی کو 8 روپے 36 پیسے، اور اب 16 جولائی کو مزید 5 روپے 36 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد فی لیٹر قیمت 272 روپے 15 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔
آفاق احمد کا کہنا تھا کہ حکومت صرف کاغذوں میں کامیاب دکھائی دیتی ہے، جبکہ زمینی حقائق اس کے مکمل طور پر ناکام ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، اور حالیہ اضافہ عام شہری کو دانے دانے کا محتاج بنا دے گا۔