کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت کی اپوزیشن جماعتوں نے پہلگام حملے کو سیکورٹی کی ناکامی تسلیم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر کے گورنر سے استعفیٰ دینے اور کشمیری عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا، اپوزیشن کا کہنا ہے کہ مودی سرکاری نے پہلگام حملے پر جھوٹ بولا، گورنر سنہا حکومت کو بچانے کی کوشش کررہےہیں، حکمران جماعت نیشنل کانفرنس نے بھی گورنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گورنر کشمیری عوام سے معافی مانگیں جن کی زندگیاں ان کی غلطیوں سے خطرے میں پڑگئیں۔ ایک انٹرویو میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما منوج سنہا نے کہا کہ میں اس واقعے کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں، جو بلاشبہ سیکورٹی کی ناکامی تھی۔