قلات میں کراچی سے کوئٹہ جانیوالی مسافر کوچ پر دستی بم حملہ اور فائرنگ کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قلات کے قریب مسافر کوچ پر فائرنگ کی گئی ہے، کوچ کراچی سے کوئٹہ جا رہی تھی، حملے میں 3 مسافر جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔
لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں دو مسافروں کی حالت تشویشناک ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ مسافر کوچ پر فائرنگ سے 3 مسافر شہید اور 7 زخمی ہوگئے، سیکیورٹی ادارے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔
شاہد رند کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال قلات منتقل کیا جا رہا ہے، ڈی ایچ کیو اسپتال قلات میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز حملہ آوروں کا تعاقب کر رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی قلات میں مسافر کوچ پر فائرنگ کی مذمت
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے قلات میں مسافر کوچ پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا انتہائی وحشیانہ عمل ہے، دہشت گرد پاک سر زمین کے لیے ناسور ہیں، ملک کی خوشحالی کے لیے ان ناسور عناصر کا خاتمہ ضروری ہے۔
مراد علی شاہ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔