فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے سال 2025 جماعت نویں اور دسویں کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔ اس دفعہ پھر طالبات پوزیشن۔ ہولڈرز نمایاں، وفاقی نظامت تعلیمات کے کسی تعلیمی ادارے کو کوئی پوزیشن نہ مل سکی۔
اعلان کردہ نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں آرمی پبلک اسکول محفوظ روڈ راولپنڈی کی مریم ندیم نے 1093 نمبر لے کر پہلی پوزیشن، لاہور گرائمر اسکول دی مال واہ کنیٹ کی آمنہ ناصر نے 1087 نمبر لے کر دوسری جب کہ املاح فاؤنڈیشن اسکول اینڈ کالج مصریال روڈ راولپنڈی سے علیشاء ثاقب اور آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج گرلز اٹک سے فاطمہ واجد نے یکساں 1083 نمبر لیکر تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
ہیومنٹی گروپ میں شائنگ اسٹار پبلک اسکول علامہ اقبال کالونی راولپنڈی کینٹ سے تعلق رکھنے والی ثناء بی بی نے 1045 نمبر لے کر پہلی، انسٹیوٹ اسلامک سائنس سترہ میل اسلام آباد سے عبد الرحمن نے 1029 نمبر حاصل کر کے دوسری جبکہ اسی ادارے کے محمد سفیان احمد نے 1022 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری کامیابی ہے کہ آج دنیا بھر میں پاکستانی ہونہار بچے اپنا مقام رکھتے ہیں، میں کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ چین نے آبادی کو بوجھ بنانے کی بجائے اسے اپنی طاقت بنایا، اس طرز پر ہمیں بھی اپنی نوجوان نسل پر توجہ دینا ہو گی آج کی تعلیم کی بڑی ضرورت ہنر کا حاصل کرنا ہے۔