سماجی رابطے کا پلیٹ فارم فیس بک صارفین کی فیڈز سے اسپیم کم کرنے کے لیے کانٹینٹ چوری یا ری پوسٹ کرنے والے اکاؤنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہا ہے۔
ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ کریئٹرز جو مستقل بنیادوں پر دوسرے کریئٹرز کی ویڈیوز، تصاویر ای ٹیکسٹ پوسٹ استعمال کرتے ہیں وہ ایک مدت کے لیے فیس بک مونیٹائزیشن سے محروم کر دیے جائیں گے اور پلیٹ فارم پر ان کی پوسٹس کم دیکھی جائیں گی۔
کمپنی نے اپنے بلاگ پوسٹ میں اس متعلق بتایا کہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ایک ہی میم یا ویڈیو بار بار سامنے آتی ہے، بعض اوقات ایسے اکاؤنٹس کی طرف سے جو بظاہر ان کو بنانے کا دعویٰ کرتے ہیں اور بعض اوقات دیگر اسپیمنگ اکاؤنٹس سے۔ یہ امر سب کے تجربے کو خراب کرتا ہے اور نئے کریئٹرز کے لیے مشکلات کھڑی کرتا ہے۔
جب فیس بک کے سسٹم ویڈیوز کی نقول کی نشان دہی کریں گے تو پلیٹ فارم حقیقی کریئٹرز کے ویوز کو بچانے کے لیے نقول کے پھیلاؤ کو روک دیں گے۔
میٹا کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی کریئٹرز جس کریڈٹ کے مستحق ہیں ان کو وہ دینے کے لیے راہیں تلاش کر رہی ہے۔
واضح رہے 2025 کے ابتدائی ششماہی میں کمپنی اسپیمنگ یا جعلی انگیجمنٹ میں ملوث پانچ لاکھ اکاؤنٹس کے خلاف ایکشن لے چکی ہے۔