پاکستان کی معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اور اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزہ سلطان نے شادی سے متعلق کہا ہے کہ شادی کرنے سے پہلے 100 سال تک سوچیں، جلدی کا فیصلہ زندگی بھر کا پچھتاوا بن سکتا ہے۔
علیزہ سلطان کا شادی سے متعلق حالیہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، جس میں انہوں نے جلد بازی میں کی گئی شادی کو زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا قرار دیا۔
علیزہ سلطان کی شادی اداکار فیروز خان سے ایک ارینج میرج تھی، جس نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا تھا کیونکہ اس سے قبل کوئی اشارہ نہیں دیا گیا تھا، تاہم یہ رشتہ چند سال بعد طلاق پر ختم ہوا۔
طلاق اور بچوں کی حوالگی کا مقدمہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھرپور توجہ کا مرکز رہا، دونوں فریقین کے وکلا میڈیا پر بیانات دیتے رہے اور بچے بھی کیمروں کی زد میں آتے رہے۔
اب دونوں نے کو پیرنٹنگ (co-parenting) کا معاہدہ کر لیا ہے اور بچوں کی پرورش مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔
حال ہی میں ایک انسٹاگرام اسٹوری میں علیزہ سلطان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی سے بھی شادی کرنے سے پہلے خود کو وقت دیں اور اچھی طرح سوچیں ورنہ ایسا نہ ہو کہ زندگی کا ہر دن صرف ایک فیصلے پر پچھتاوے میں گزرے۔
علیزہ کے اس بیان پر انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آئیں۔
ایک صارف نے کہا کہ شادی ایسے ہے جیسے پاسہ پھینکنا، قسمت میں 6 آ جائے یا صفر۔ ایک اور نے مشورہ دیا کہ 200 بار سوچو، ایک دوسرے کو وقت دینا سیکھو۔