پاکستانی فلموں کے سب سے کامیاب ولن مصطفیٰ قریشی نے کہا ہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کی موت نے گہرے صدمے سے دو چار کیا ہے، میری ان سے ملاقات گزشتہ برس کراچی میں ایک ایوارڈ تقریب میں ہوئی تھی، وہ پڑھی لکھی اور خوب صورت فنکارہ تھیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی شریک حیات اور نامور گلوکارہ روبینہ قریشی کی تیسری برسی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ اس تقریب میں حمیرا اصغر نے میرے ہاتھوں ایوارڈ وصول کیا تھا۔ وہ بہت خوش تھیں۔ ایوارڈ تقریب کے بعد بھی انھوں نے میرے ساتھ کچھ سیلفیاں بنوائیں، ایسی پڑھی لکھی باصلاحیت فنکارہ کی دل خراش موت نے ہم سب کو دکھی کر دیا ہے۔
مولا جٹ میں نوری نت کے غیر معمولی کردار سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے لیجنڈری اداکار مصطفیٰ قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومتوں کو فنکاروں کی سرپرستی کرنی چاہیے، جب تک حکومتیں فنکاروں کی سرپرستی نہیں کریں گی انڈسٹری کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔