بھارتی کرکٹ ٹیم کی غیر مستحکم کارکردگی کے بعد بی سی سی آئی کو ٹیم انڈیا میں روہت شرما اور ویرات کوہلی کی یاد ستانے لگی ہے۔
بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے اعتراف کیا ہے کہ ٹیم انڈیا میں روہت شرما اور ویرات کوہلی کی غیر موجودگی واضح محسوس کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں کی ریٹائرمنٹ ان کا ذاتی فیصلہ تھا اور بی سی سی آئی کی پالیسی کے مطابق کسی کھلاڑی کو ریٹائرمنٹ لینے کے لیے نہیں کہا جاتا۔
راجیو شکلا نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’ہم سب روہت شرما اور ویرات کوہلی کی غیر موجودگی کو شدت سے محسوس کر رہے ہیں۔ ان کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ان کا ذاتی تھا۔ بی سی سی آئی کی پالیسی یہ ہے کہ ہم کبھی بھی کسی کھلاڑی کو ریٹائر ہونے کے لیے نہیں کہتے۔ ان دونوں کو ہمیشہ عظیم بلے بازوں کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔‘‘
#WATCH | London, UK | BCCI vice president Rajeev Shukla says, “…We are all feeling the absence of Rohit Sharma and Virat Kohli. The decision to retire made by Rohit Sharma and Virat Kohli was their own. It is the policy of BCCI that we never tell any player to retire…We will… pic.twitter.com/4ShzHNG5W3
— ANI (@ANI) July 15, 2025
یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2024 کے بعد ویرات کوہلی اور روہت شرما نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس نے بھارتی کرکٹ شائقین کو حیران اور افسردہ کردیا تھا۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنے کیریئر کے آخری میچ میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارت کو ورلڈ کپ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
روہت شرما نے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں 4231 رنز اسکور کیے، جن میں 5 سنچریاں شامل ہیں، جبکہ ویرات کوہلی نے 4188 رنز بنائے اور کئی اہم مواقع پر ٹیم کو فتح دلانے میں کردار ادا کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کی جوڑی بھارتی کرکٹ کی کامیابی کی پہچان سمجھی جاتی تھی اور ان کے جانے کے بعد ٹیم انڈیا کو قیادت اور تجربے کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب بی سی سی آئی نے اشارہ دیا ہے کہ اگر روہت شرما اور ویرات کوہلی مستقبل میں ون ڈے یا ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کریں گے تو بورڈ ان کے فیصلے کا احترام کرے گا، کیونکہ ان کی موجودگی بھارتی ٹیم کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہو سکتی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روہت شرما اور ویرات کوہلی کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹاپ آرڈر میں عدم استحکام نظر آیا جبکہ نئے کھلاڑیوں پر انحصار کے باوجود کلیدی میچوں میں پرفارمنس کا فقدان رہا۔ کوچ راہول ڈریوڈ کی کوچنگ میں بھی پرانی چمک نظر نہیں آ رہی۔
انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں بھارتی ٹیم کی کارکردگی غیر مستقل رہی ہے، جس کے بعد کرکٹ شائقین اور بورڈ میں دونوں سینئر کھلاڑیوں کی یاد شدت سے محسوس کی جارہی ہے۔