لاہور:
گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے اعلان پر کہا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخواہ کی 90دن کی تحریک ناکام ہوتی نظر آرہی ہے، معاملات توڑ پھوڑ یا سڑکوں پر حل نہیں ہوتے، اس لیے تحریک کے بجائے مذاکرات کی طرف آنا چاہیے، ملکی کی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے سب کو مل کر چلنا ہے۔
لاہور میں مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اپنے صوبے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں سیلاب میں پورا خاندان بہہ گیا مگر خیبرپختونخوا کی حکومت کچھ نہ کر سکی، یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ وہاں پر موجود ریسکیو ٹیم 1122کے پاس سیلاب زدگان کو بچانے کے لیے سوائے رسی کے کچھ نہ تھا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کو اس وقت دہشت گردی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، ملک کے موجودہ حالات میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا پر اپنے صوبے میں امن وامان کی بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست اپنی جگہ، تمام سیاسی جماعتیں اپنی اپنی سیاست ضرور کریں لیکن پہلے ملکی استحکام کو مقدم رکھنے کی ضرورت ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ دنیا میں بڑے بڑے لیڈر گزرے ہیں ، انہوں نے بھی جو کامیابی حاصل کی ہے وہ صرف مذاکرات کی میز پر ہی ممکن ہوئی ہیں۔
ایک سوال پر گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب کی تنظیم نو مکمل ہو چکی ہے اور اس کی سفارشات چئیرمین بلاول بھٹو کو بھجوا دی جائیں گی اور ہماری پوری کوشش ہے کہ اگلے چند دنوں میں ان کے نوٹیفکیشن جاری ہو جائیں۔