رونالڈو یا میسی؟ امریکی صدر ٹرمپ نے ’فٹبال کے بادشاہ‘ کے لیے حیران کن نام چن لیا۔
فٹبال کی دنیا میں کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کے درمیان کھیل کی تاریخ کے عظیم کھلاڑی (GOAT) یعنی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑی کا مباحثہ دنیا بھر میں برسوں سے جاری ہے۔
مگر اب اس عالمی بحث میں ایک نیا اور حیران کن رُخ اُس وقت آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ایک غیر متوقع کھلاڑی کا نام لیا۔
کلب ورلڈکپ فائنل میں چیلسی اور پیرس سینٹ جرمین (PSG) کے درمیان ہونے والے میچ کے بعد ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ ان کے مطابق فٹبال کا سب سے عظیم کھلاڑی کون ہے؟
اس پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ میرے خیال میں وہ برازیلین کھلاڑی پیلے تھے۔
ٹرمپ اُس وقت میٹ لائف اسٹیڈیم میں موجود تھے، جہاں ان کے ساتھ فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ بھی موجود تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب میں جوان تھا تو یہاں آیا تھا، پیلے کاسموس ٹیم کے لیے کھیلتے تھے، اس وقت یہ اسٹیڈیم لوگوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، وہ واقعی شاندار کھلاڑی تھے۔
ٹرمپ نے کہا کہ شاید اُن کا انتخاب پرانے زمانے کا ہے، جیسے بیس بال میں بابے رتھ کو مانا جاتا ہے، ویسے ہی فٹبال میں ان کے لیے پیلے سب سے بڑے کھلاڑی تھے۔
واضح رہے کہ پیلے نے فارورڈ پوزیشن پر کھیلتے ہوئے دنیا بھر میں شہرت پائی، وہ فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ 1999ء میں انہیں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے ایھتلیٹ آف دا سنچری قرار دیا گیا تھا۔
ٹائم میگزین نے بھی انہیں 20ویں صدی کے 100 بااثر ترین افراد میں شامل کیا تھا۔
پیلے نے اپنے کیریئر کے دوران مجموعی طور پر ایک ہزار 363 میچز کھیلے اور ایک ہزار 279 گولز کیے، جس میں فرینڈلی میچز بھی شامل تھے، یہ ریکارڈ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تسلیم کر رکھا ہے۔