تلنگانہ میں مٹھائی کی دکان سے سموسے میں مردہ چھپکلی نکل آئی، سموسہ کھانے سے کم عمر بچی کی حالت غیر ہوگئی جبکہ دکان دار موقعے سے فرار ہوگیا۔
بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع رنگا ریڈی کے علاقے معین آباد منڈل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک کم عمر بچی نے سموسہ کھایا جس میں مردہ چھپکلی موجود تھی، جس کے بعد اُس کی طبیعت بگڑ گئی اور اُسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بچی نے جب پہلا سموسہ کھایا تو کچھ دیر بعد اُسے شدید قے ہونے لگی، جب دوسرا سموسہ توڑا گیا تو اُس میں مردہ چھپکلی نکلی، یہ منظر دیکھ کر گھر والے اور مقامی افراد فوراً بچی کو قریبی اسپتال لے گئے۔
متاثرہ بچی تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہے، جبکہ دکان کا مالک واقعے کے فوراً بعد دکان بند کرکے فرار ہوگیا۔
مقامی افراد نے بتایا کہ اس دکان سے بدبو آتی رہتی تھی اور اکثر باسی آلو استعمال کیے جاتے تھے، مگر اس کے خلاف متعدد بار شکایات کے باوجود حکام نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید احتجاج اور سوشل میڈیا پر عوامی غصہ سامنے آیا ہے، شہری دکان دار کے خلاف سخت قانونی کارروائی، تمام فوڈ آؤٹ لیٹس کی فوری انسپیکشن اور ناقص اشیائے خورد و نوش فروخت کرنے والے کاروباروں کے لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔