آسٹریلیا کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد کرکٹ ویسٹ انڈیز نے اہم اجلاس بلالیا۔ ہوم سیریز میں ٹیم کی کارکردگی کے جائزے کے لیے اجلاس میں سابق کرکٹرز بھی ہوں گے۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز نے سابق کپتانوں کلائیو لائیڈ، ویو رچرڈز اور برائن لارا کو مشاورت کے لیے بلالیا۔ تینوں کرکٹرز سی ڈبلیو آئی کی کرکٹ اسٹریٹیجی کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔
کمیٹی میں شیو نارائن چندر پال، ڈیسمنڈ ہائنز اور ایان براڈ شا بھی شامل ہیں۔ صدر کرکٹ ویسٹ انڈیز ڈاکٹر کیشور شیلو نے کہا کمیٹی کا اجلاس فوری طور پر طلب کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا یہ علامتی اجلاس نہیں ہوں گے، ہمارا ارادہ ہے کہ اس سے ٹھوس نتائج حاصل کریں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز میں 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔
تیسرے اور آخری ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کو صرف 27 رنز پر آل آؤٹ کرکے 176 رنز سے میچ جیت لیا تھا۔