بیجنگ (این این آئی) چین اور آسیان ممالک کا یکجہتی تعاون اور چیلنجز کے مقابلہ کی مضبوط خواہش کا اظہار ،چین۔آسیان 10+1 وزرائے خارجہ اجلاس کا ماحول انتہائی دوستانہ اور ہم آہنگ تھا،کوالالمپور میں مشرقی ایشیائی تعاون سے متعلق سالانہ وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران چین اور آسیان ممالک نے ایک دوسرے کی حمایت، یکجہتی اور تعاون اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی مضبوط خواہش کا اظہار کیا۔ چین اور آسیان کے درمیان تعاون کے حوالے سے صحافیوں سے بات چیت چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ اس سال مشرقی ایشیائی تعاون کے حوالے سے وزرائے خارجہ اجلاس کا کامیاب انعقاد کیا گیا، خاص طور پر چین۔آسیان 10+1 وزرائے خارجہ اجلاس کا ماحول انتہائی دوستانہ اور ہم آہنگ تھا۔ اجلاس کے کئی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں ، فریقین نے چین۔آسیان فری ٹریڈ زون ورژن 3.0 مذاکرات کی تکمیل کی تصدیق کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ رواں سال اکتوبر میں ہونے والے رہنماء اجلاس میں اس کی منظوری اور دستخط کیے جائیں گے، جس سے یہ واضح اشارہ ملا ہے کہ ہم علاقائی اقتصادی یکجہتی کو آگے بڑھاتے رہیں گے اور اعلیٰ سطحی علاقائی فری ٹریڈ نیٹ ورک کو فروغ دیں گے۔ فریقین نے چین۔آسیان جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے اگلے 5 سالوں کے ایکشن پلان پر اتفاق کیا، جس میں اگلے 5 سالوں کے دوران چین اور آسیان کے درمیان 40 سے زائد شعبوں میں جامع تعاون کے اہداف اور اقدامات کا تعین کیا گیا ہے، جو دونوں فریقوں کے درمیان تمام شعبوں میں عملی تعاون کو مضبوط تحریک فراہم کرے گا۔