بالی ووڈ کے منجھے ہوائے اداکار راج کمار راؤ کی نئی فلم “مالک” نے ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر 4.02 کروڑ روپے کمالیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم “مالک” ایک ایکشن تھرلر ہے جس کی کہانی 1980 کی دہائی کے الہٰ آباد کے پس منظر میں پیش کی گئی ہے۔
فلم میں طاقت، ہوس، بقا اور وفاداری کے درمیان جکڑی ہوئی ایسی دنیا کو دکھایا گیا ہے جہاں بندوق اور لالچ کے سائے میں عروج حاصل کرنے کی قیمت چکانی پڑتی ہے۔
فلم کی ہدایت کاری پلکیت نے کی ہے جو اس سے پہلے نیٹ فلکس کی فلم “بھکشک” سے شہرت حاصل کر چکے ہیں۔
اس سے قبل پلکیت کی ہدایتکاری میں راج کمار راؤ ویب سیریز “بوس: ڈیڈ/الائیو” میں کام کرچکے ہیں جو کہ انگریزوں کیخلاف ایک مزاحمتی رہنما کی بایوپک تھی۔
راجکمار راؤ، جنھوں نے اپنی فلموں “شاہد”، “نیوٹن”، “استری” اور حالیہ بایوپک “سری کانت” میں شاندار اداکاری سے شہرت کی بلندی چھوا، فلم مالک میں گینگسٹر کا کردار نبھایا ہے۔
فلم مالک میں راج کمار راؤ کا کردار طاقت، جرم اور سیاست کے پیچیدہ راستوں سے گزر کر ایک خوفناک مقام تک پہنچتا ہے۔
فلم “مالک” میں راج کمار راؤ کے ساتھ سابق مس ورلڈ مانوشی چھلر بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہیں۔
“مالک” کو کمار تورانی کے ٹپس فلمز اور جے شیوکرمانی کی ناردرن لائٹس فلمز کے بینر تلے پروڈیوس کیا گیا ہے۔ فلم کی موسیقی سچن-جگر اور کیتن سودھا نے ترتیب دی ہے۔
فلم مالک نے ریلیز کے پہلے ہی روز شاندار کامیابی حاصل کرکے تجزیہ کاروں اور مداحوں کی توجہ حاصل کی ہے۔
فلمی تجزیہ نگاروں کے مطابق “مالک” ان ناظرین کے لیے ہے جو حقیقت کے قریب اور سماجی و سیاسی حالات پر مبنی کہانیاں دیکھنا پسند کرتے ہیں۔