پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی کی مداحوں سے اداکارہ حمیرا اصغر کی پُراسرار موت کے غم کو تماشا نہ بنانے کی درخواست کر دی۔
حدیقہ کیانی نے اپنی انسٹا اسٹوری پر مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ حمیرا اصغر نے اپنی زندگی میں اپنے خاندانی معاملات کو عوام کے ساتھ شیئر نہ کرنے کا انتخاب کیا تو پھر اب کیوں؟ اداکارہ کی موت کے بعد ان کے خاندان سے اتنی بے دردی سے سوال جواب کر کے انہیں بےنقاب کیوں کیا جا رہا ہے؟
اُنہوں نے لکھا کہ براہ مہربانی، حمیرا اصغر کی روح کو سکون میں رہنے دیں اور سوشل میڈیا پر اپنے ویوز بڑھانے اور ریٹنگز کے پیچھے بھاگنے سے بہتر ہے اداکارہ کے لیے دعا کریں۔
گلوکارہ نے لکھا کہ ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو حمیرا اصغر کی موت پر افسردہ ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں لیکن ساتھ ہی ان کی ویڈیوز، ریلز اور یہاں تک کہ ان لاش کی تصاویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کر کے ان کا استحصال کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ اداکارہ کی پرائیویسی اور ان کی روح کا احترام کریں، ان کے غمزدہ خاندان کی ہمت اور سکون کے لیے دعا کریں۔
واضح رہے کہ 8 جولائی کو اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے ملی تھی۔
اداکارہ 2018ء میں لاہور سے کراچی منتقل ہونے کے بعد گزشتہ 7 سال سے اس کرائے کے فلیٹ میں مقیم تھیں۔