موسمیاتی تبدیلیوں کے دوران دردِ شقیقہ (Migraine) یا دیگر اقسام کے سر درد کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق موسمیاتی تبدیلیاں جیسے کہ ہوا کے دباؤ، درجہ حرارت اور نمی میں اتار چڑھاؤ کے دوران حساس افراد کو درد شقیقہ اور سر درد کی دیگر اقسام کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں خاص طور پر بارش یا طوفانی حالات سے پہلے ماحولیاتی دباؤ میں کمی یا اضافہ انسان کے اعصابی نظام، ہارمونز کے توازن اور خون کی شریانوں کو متاثر کرتا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق ماحولیاتی دباؤ میں تبدیلی کی وجہ سے دماغ کے ارد گرد موجود شریانیں سکڑتی یا پھیلتی ہیں جس کی وجہ سے کچھ لوگ درد شقیقہ میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ انتہائی موسمی حالات جیسے کہ شدید گرمی یا شدید سردی خون کے عام بہاؤ میں بھی خلل ڈال سکتی ہے اور گرم موسم میں پانی کی کمی درد شقیقہ کے کیسز میں اضافے کا ایک عام عنصر ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق جب کوئی شخص مناسب مقدار میں پانی کا استعمال نہ کرے اور ایسے میں زیادہ درجہ حرارت کا سامنا کرے تو اس سے جسم کے ریگولیٹری نظام پر دباؤ پڑتا ہے پھر اگر نمی بھی بہت زیادہ ہو تو وہ پسینے کے ساتھ مل کر اس بوجھ میں اضافہ کر سکتی ہے جس کے نتیجے میں درد شقیقہ ہو سکتا ہے۔
ماہرین صحت نے کہا کہ موسم بہار اور خزاں کے دوران پولن، دھول اور ہوا میں موجود عوامل سے پیدا ہونے والی الرجی کے خطرات بڑھ جاتے ہیں جس سے ناک میں الرجی اور سوزش بڑھ جاتی ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق اس طرح کی سوزش دماغ سے منسلک اعصابی راستوں میں مداخلت کر سکتی ہے جو ممکنہ طور پر سر درد کا باعث بنتی ہے۔
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ سورج کی تیز روشنی یہاں تک کہ بادلوں میں سے فلٹر ہو کر آنے والی روشنی بھی بعض افراد کی آنکھوں میں چبھتی ہے اور درد شقیقہ کا باعث بنتی ہے۔
ماہرینِ صحت کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سونے جاگنے کا معمول بھی متاثر ہوتا ہے یوں نیند پوری نہ ہونے یا زیادہ سونے کی وجہ سے بھی درد شقیقہ ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ اگرچہ ہر کوئی اسی طرح موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر نہیں ہوتا ہے لیکن جن لوگوں کو موسم کی تبدیلی کی وجہ سے بار بار درد شقیقہ کا سامنا ہوتا ہے اُنہیں مناسب مقدار میں پانی پینا چاہیے، محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی موسم کی پیشگوئیوں پر نظر رکھنی چاہیے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے۔