وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے کی فضائی حدود میں مسافر طیاروں کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں کو نو برڈ زون بنانے کے لیے فضائی حفاظتی حصار بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا، پنجاب حکومت نے نو برڈ زون بنانے سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔
لاہور مشرقی بائی پاس، مناواں اسپتال، پی کے ایل آئی، چونگی امر سدھو، اچھرہ، چاہ میراں کو نو برڈ زون قرار دے دیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ایسی تمام وجوہات ختم کی جائیں جن سے پرندے ہوائی اڈوں کے قریب جمع ہوتے ہیں، درباروں اور عوامی مقامات پر دانا ڈالنے سے روکا جائے، ہوائی اڈوں کے قریب ایسے کاروبار کرنے پر پابندی ہوگی جن سے پرندوں کے جمع ہونے کا خطرہ ہو، ماحولیاتی حفاظتی انتظامات کے بغیر قائم پولٹری فارمز، بیکریوں اور ذبحہ خانوں پر پابندی ہوگی۔
پنجاب حکومت کے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ چمڑا رنگنے اور چمڑے سے اشیاء بنانے والی کمپنیوں پر ماحولیاتی ضابطوں کا سخت اطلاق ہوگا، کھلے عام جانوروں کی کھالوں کی دھلائی پر پابندی لگا دی گئی، ہوائی اڈوں کے قریب کوڑا کرکٹ پھینکنے پر مکمل پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خلاف ورزی پر گرفتاریاں، سزائیں اور جرمانے ہوں گے، ضلعی انتظامیہ، وائلڈ لائف اور انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی کو متحرک کردیا گیا ہے۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے ہوائی اڈوں کے قریب نو برڈ زونز بنائے جاتے ہیں، اقدامات فضائی سفر محفوظ بنانے کے لیے ہیں، فضائی حفاظتی حصار کے ذریعے پرندوں کے طیاروں سے ٹکرانے کے حادثات میں کمی ہوگی۔