پاکستان کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ اور سپر اسٹار فیصل قریشی کی والدہ افشاں قریشی نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں اپنی زندگی کے اہم اور جذباتی پہلو سے پردہ اٹھایا۔
اداکارہ نے اپنے مرحوم شوہر عابد قریشی کے ساتھ ہونے والی لو میرج کے حوالے سے گفتگو کی، جو ان کے مداحوں کے لیے ایک دلچسپ اور جذباتی لمحہ تھا۔
افشاں قریشی، جنہیں منفی کرداروں میں بہترین اداکاری پر پہچانا جاتا ہے، وہ متعدد مشہور ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں، ان کے شوہر عابد قریشی بھی اداکار تھے اور انہی کے ساتھ فلم کے سیٹ پر دوستی کے بعد ان کی شادی ہوئی۔
شو کے دوران افشاں قریشی نے بتایا کہ میں ان کی فیملی سے نہیں تھی، ہم نے لو میرج کی تھی چونکہ میری ساس اس وقت بیمار تھیں، تو میرے شوہر نے کہا کہ ابھی شادی کو راز رکھیں گے، ہم نے ان کے بھائی کی موجودگی میں نکاح کیا، کئی مہینے تک وہ مجھے اپنی ماں سے ملوانے نہیں لے گئے۔
افشاں قریشی نے مزید بتایا کہ ایک دن میں نے ضد کی تو وہ مجھے اپنی والدہ کے پاس لے گئے، ابتدا میں وہ مجھ سے ناراض لگیں، میری اردو بھی کمزور تھی اور وہ لکھنؤ سے تھیں، تو وہ میری زبان کی اصلاح کرتی تھیں، مجھے لگا کہ وہ صرف خامیاں نکالیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے ان کے ساتھ 15 دن گزارے، ان دنوں میں انہوں نے مجھے بہت کچھ سکھایا، وہ باہر سے سخت تھیں مگر دل میں میرے لیے محبت رکھتی تھیں کیونکہ میں ان کے بیٹے کی بیوی تھی وہ میرے لیے خود کھانا بناتی تھیں، چھوٹی چھوٹی باتوں سے ان کی محبت ظاہر ہوتی تھی میرے شوہر کہتے تھے کہ وہ ڈانٹتی ہیں، مگر محبت بھی کرتی ہیں۔