تاجکستان سے تعلق رکھنے والے دنیا کے سب سے چھوٹے قد کے حامل نامور گلوکار اور سوشل میڈیا اسٹار عبدو روزک کو دبئی ائیرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کے 16ویں سیزن کے امیدوار مقبول تاجک اسٹار کی پی آر کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ عبدو روزک کو ہفتے کی صبح یورپی ملک مونٹی نیگرو سے واپسی پر دبئی ائیرپورٹ پر حراست میں لیا گیا ہے۔
کمپنی کے ترجمان نے عرب میڈیا کو بتایا کہ ہمیں صرف اتنا علم ہے کہ وہ اس وقت چوری کے الزامات پر زیرِ حراست ہیں۔ مزید معلومات ابھی دستیاب نہیں۔
دوسری جانب تاحال دبئی کی حکومت یا پولیس کی جانب سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، اور نہ ہی الزامات کی نوعیت یا تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
خیال رہے کہ 21 سالہ گلوکار اور سوشل میڈیا اسٹار عبدو روزک کا قد صرف 100 سینٹی میٹر ہے جس کی وجہ سے انہیں دنیا کا سب سے چھوٹے قد کا گلوکار بھی کہا جاتا ہے، انہوں نے بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کے 16ویں سیزن میں بھی حصہ لیا تھا جس کے باعث دنیا بھر میں مقبول ہوگئے۔
عبدو روزک گزشتہ کچھ سالوں سے دبئی میں مقیم ہیں اور ان کے پاس دبئی کا گولڈن ویزا ہے۔