سینئر اداکار فردوس جمال نے پاکستانی اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار اور دلخراش موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے المیہ قرار دیا ہے۔
فردوس جمال ان دنوں لاہور میں مقیم ہیں اور مختلف پوڈکاسٹس اور انٹرویوز میں شرکت کرتے نظر آتے ہیں، حال ہی میں انہوں نے ایک انٹرویو میں حمیرا اصغر کی تنہائی میں ہونے والی موت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
فردوس جمال نے کہا کہ یہ ایک نہایت افسوسناک اور المناک واقعہ ہے، عام طور پر اگر کوئی مر جائے تو ہم اسے حادثہ نہیں کہتے کیونکہ موت تو ایک فطری عمل ہے، ہمیں سب کو جانا ہے، صرف اللّٰہ باقی ہے، انسان نے فنا ہونا ہے مگر اس طرح کا جانا، اس طرح کی موت، یہ واقعی ایک سانحہ ہے، چاہے وہ اداکارہ تھی یا عام انسان، وہ ایک انسان تھی اور اس کی موت، اس کی تنہائی، بہت تکلیف دہ ہے۔
مزید گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جو اجتماعی خود غرضی اور بے حسی ہے، شاید یہی اس کی ذمے دار ہے، شاید وہ کام نہ ملنے کی وجہ سے مر گئی ہو یا خودکشی کر لی ہو؟ ہمیں سب سے پہلے اپنا محاسبہ کرنا ہوگا، ہمیں خود کی فکر کرنی چاہیے، اپنی زندگی، اپنے وجود اور اپنے مقصد کا شعور ہونا چاہیے۔
انہوں نے شعرانا انداز میں کہا کہ عجیب مانوس اجنبی تھا، مجھے تو حیران کر گیا وہ، سنا ہے کل رات مر گیا وہ۔
یاد رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی میں ان کے فلیٹ سے کئی ماہ بعد برآمد ہوئی تھی، جب مالک مکان کی شکایت پر عدالتی بیلف نے دروازہ توڑ کر فلیٹ کھولا، ان کی تنہائی اور ناگہانی موت نے ناصرف مداحوں بلکہ شوبز انڈسٹری کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔