صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنا خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ شہدائے کشمیر پر 22 کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتےہیں، شہداء نے 13جولائی1931ء کو ڈوگرہ راج کے ظلم کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ آج کشمیری جس جدوجہد کو آگے بڑھا رہے ہیں وہ انہی 22 شہداء کی قربانیوں کا تسلسل ہے، ان شہداء کی قربانیوں نے کشمیریوں کے دلوں میں آزادی کی شمع روشن کی، کشمیری عوام دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر اور غاصبانہ تسلط کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کی جرات، حوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بھارت نے غیرقانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کو عسکری قید خانے میں تبدیل کر دیا ہے، مقبوضہ وادی میں ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیاں معمول بن چکی ہیں، آزادی کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے کشمیری شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی مظالم کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔