برطانیہ کی لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے تقریباً 60 ارکان پارلیمنٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کو فوری طور پر تسلیم کرے۔ اس سلسلے میں ارکان نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کو باقاعدہ خط لکھا ہے۔
خط میں ارکان پارلیمنٹ نے اسرائیلی حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کو جنوبی رفح کے ایک کیمپ میں جبری منتقل کرنے کے منصوبے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
ارکان نے خبردار کیا کہ اگر برطانوی حکومت نے فلسطینی ریاست کو تسلیم نہ کیا تو دو ریاستی حل کے لیے برطانیہ کی حمایت غیر مؤثر ہو جائے گی۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی اونروا (UNRWA) کی امداد جاری رکھے تاکہ انسانی امداد اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
فلسطینی حکام نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں جاری محاصرے اور امداد کی کمی کے باعث تقریباً 6 لاکھ 50 ہزار بچے شدید غذائی قلت اور قحط کے خطرے سے دوچار ہیں۔ بین الاقوامی برادری کی فوری مداخلت نہ ہوئی تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔