غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے صبح سے اب تک مزید 50 فلسطینی شہید ہو چکے۔
غزہ سے عرب میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ جنگ میں فلسطینی شہداء کی تعداد 57 ہزار 882 ہو گئی ہے۔
دریں اثنا غزہ سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وحشیانہ کارروائیاں شدت اختیار کر گئی ہیں، اسرائیلی فضائی حملوں میں آج مزید 50 فلسطینی شہید ہو گئے، شہید ہونے والوں میں پانی کی تقسیم کے مقام کے قریب موجود 10 فلسطینی بھی شامل ہیں۔
ادھر شمالی شہر بیت ہنون پر اسرائیلی فوج کے حملے میں تقریباً 50 بم گرائے گئے۔ وفا خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز آباد کاروں نے بیت اللحم کے المنیہ گاؤں کے قریب فلسطینیوں کے گھروں پر حملہ کیا۔
اسرائیلی فورسز نے غزہ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر باپ بیٹے سمیت 6 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔
علاوہ ازیں اقوامِ متحدہ کی تنظیم انروا کے غزہ میں موجود ایک کلینک نے بیان میں کہا کہ مارچ سے جاری اسرائیلی کے محاصرے کے بعد سے غزہ میں غذائی قلت کے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہےہ کہ مارچ کے بعد سے انروا کو غزہ میں امداد لانے کی اجازت نہیں ہے، ضروری سامان کی شدید کمی کے باوجود ٹیمیں غزہ میں لوگوں کی مدد کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔