کراچی:
پنجاب کالونی میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف دادا بائی بلڈنگ کے مکینوں نے شدید احتجاج کیا، جس کے باعث ڈیفنس موڑ کی جانب جانے والی دونوں سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہو گئیں۔
مظاہرین کے مطابق متعدد شکایات کے باوجود کے الیکٹرک انتظامیہ نے ان کی کوئی سنوائی نہیں کی۔ دادا بائی بلڈنگ میں واقع 80 فلیٹس کی بجلی جمعہ کی صبح 11 بجے سے بند ہے، جس کے باعث مکین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ جمعہ کے روز کے الیکٹرک کی ٹیم نے پنجاب کالونی اور پی این ٹی کالونی میں کنڈا مافیا کے خلاف کارروائی کی، جس کے دوران پی این ٹی کالونی میں جھگڑے کے بعد دادا بائی بلڈنگ کی بجلی بھی منقطع کر دی گئی۔
مظاہرین کے مطابق کے الیکٹرک کا مؤقف ہے کہ جب تک جھگڑے میں ملوث افراد معافی نہیں مانگتے، بجلی بحال نہیں کی جائے گی۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ مسئلہ کسی اور سے ہے لیکن سزا پوری عمارت کو دی جارہی ہے۔ تاہم احتجاج کے باعث ہیوی ٹریفک سمیت گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق مظاہرے کے باعث گذری انڈر پاس سے ٹریفک کو متبادل راستہ فراہم کیا گیا جبکہ کورنگی سے آنے والی گاڑیوں کو خیابان جامی کی طرف موڑا گیا۔