پینٹاگون نے ایرانی میزائل حملے میں قطر میں واقع العدید ایئر بیس پر معمولی نقصان کی تصدیق کر دی۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے کہا ہے کہ 23 جون کو امریکی اور قطری دفاعی فضائی نظام نے باقی ایرانی میزائلوں کو تباہ کر دیا تھا لیکن ایک ایرانی بیلسٹک میزائل العدید ایئربیس پر ریڈوم سے ٹکرایا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی بیلسٹک میزائل سے ہونے والا نقصان محدود نوعیت کا تھا، حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قطر میں امریکی اڈے کی تمام آپریشنل سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
واضح رہے کہ 23 جون کو ایران نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی فوجی اڈوں پر حملہ کیا تھا۔
ایران کے سرکاری ٹی وی نے تصدیق کی تھی کہ ایرانی میزائلوں نے قطر کے العدید فوجی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔
یاد رہے کہ 22 جون کو ایران کے خلاف اسرائیل کی جنگ میں امریکا بھی شامل ہو گیا تھا، امریکا نے ایران کی 3 ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیا تھا۔