پاکستانی اداکارہ حمیرا علی کی المناک موت نے انڈسٹری کی خواتین کو یکجا کردیا ہے۔
پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور سابق رکنِ قومی اسمبلی مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ طوبیٰ انور نے انکشاف کیا ہے کہ انڈسٹری کی اداکاراؤں نے ایک دوسرے کی ذہنی صحت کا جائزہ لینے کے لیے ایک واٹس ایپ گروپ بنایا ہے۔
انہوں نے نجی ڈیجیٹل میڈیا چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں تشکیل دیے گئے واٹس گروپ میں میڈیا کی تمام خواتین کو شامل کیا گیا ہے، جس کا مقصد ہے کہ ہم ایک دوسرے کی خیریت معلوم کر سکیں۔
طوبیٰ نے بتایا کہ گروپ میں ہفتہ وار حاضری چیک کی جائے گی، اس گروپ کی وجہ سے ہم ذہنی تناؤ اور ذہنی صحت کے مسائل پر کھل کر بات کرسکیں گے۔ گروپ کا فائدہ یہ ہوگا کہ ہم اپنے گھریلو مسائل، مالی مسائل کے حوالے سے بات کرسکیں گے۔ یہ اوپن فورم ہے۔
اداکارہ کے مطابق میں تو اپنے گھر والوں کے ساتھ رہتی ہوں لیکن میری کئی دوستیں ایسی ہیں جو اسلام آباد، لاہور سے یہاں کام کے سلسلے میں آئی ہیں۔ حمیرا کی موت سے جب مجھے اتنی تکلیف ہو رہی ہے تو ان پر اور دوسرے شہروں سے جو دیگر لوگ آئے ہوئے ہیں، ان پر کیا گزر رہی ہوگی میں سوچ بھی نہیں سکتی۔
انہوں نے کہا کہ بہت ضروری ہے کہ ہم اپنے دوست احباب سے جڑے رہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اداکارہ سونیا حسین نے بھی مذکورہ واٹس گروپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حمیرا اصغر کے ساتھ پیش آئے اس سانحے کے بعد اب شوبز انڈسٹری نے ایک دوسرے کی خبر گیری کرنے کے لیے ایک قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس واقعے سے متاثر ہو کر گزشتہ رات شوبز انڈسٹری میں ایک گروپ بنایا گیا ہے جس میں تمام آرٹسٹ، تمام میک اپ آرٹسٹ تمام ٹیکنیکل عملہ، جتنی بھی لڑکیاں جو کسی بھی وجہ سے اپنی فیملی سے دور رہ رہی ہیں ان سب کو اس میں شامل کیا گیا ہے۔