معروف اداکارہ اور ماڈل حمیرا اصغر کی افسوسناک موت پر جہاں شوشل میڈیا صارفین ان کے اہلِ خانہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں وہیں شوبز شخصیات پر بھی اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شوبز انڈسٹری پر ہونے والی کڑی تنقید کے بعد اداکارہ ثناء نواز انڈسٹری کا دفاع کرنے سامنے آگئیں۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’جو کہہ رہا ہے کہ شوبز کی دوستیاں جھوٹی ہیں، منافق ہیں، انہیں کہنا چاہوں گی کہ چاہیے کسی کے بھی ہزاروں دوست ہوں، ساتھ کام کرنے والے ہوں لیکن جب انسان اندر سے زخمی ہوتا ہے، جب اس کے اپنے اپنے نہیں رہتے تو چاہے پوری دنیا اسے جوڑنے کی کوشش کرے تو وہ ٹوٹا ہوا شخص نہیں جڑ سکتا۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ہم کسی کے بھی بارے میں فیصلہ کرنے میں بہت جلدی کرتے ہیں، یہ جانے بغیر کہ وہ زندگی میں کن حالات سے گزر رہا ہے۔ پھر وہ (حمیرا اصغر) اکیلے رہ رہی تھی، جو اپنے آپ میں بہت تکلیف دہ ہے اور ایسے میں جب آپ کا کسی سے رابطہ بھی نہ ہو تو مشکلات اور بڑھ جاتی ہیں۔
انہوں نے تنقید کرنے والوں کو کہا کہ آج کل لوگ سوشل میڈیا کی وجہ سے اکیلئے ہوگئے ہیں، آج کل کا سسٹم ہی یہ ہو گیا ہے، ہم ویڈیو پیغام یا ٹک ٹاک ویڈیو کے ذریعے ایک دوسرے کے بارے میں جانتے ہیں لیکن آپ کا اپنے والدین، بہن بھائی، ورثا سے رابطہ ہونا ضروری ہوتا ہے کیونکہ آپ کسی سے بھی ملنا جلنا رکھ لیں انہیں آپ کے بارے میں اتنا نہیں معلوم ہوگا جتنا اہلِ خانہ کو معلوم ہوگا۔
ثناء نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت یہ بات کرنا غلط ہوگا لیکن آپ لوگ نہیں جانتے تھے کہ میری زندگی میں کیا چل رہا ہے، سوشل میڈیا پر جو تصاویر سامنے آ رہی ہیں، جو ویڈیوز آ رہی ہیں انہیں دیکھ کر کیا کوئی کہہ سکتا تھا کہ میں کن حالات سے گزر رہی ہوں؟ ہم سوشل میڈیا کی وجہ سے ایک دوسرے سے دور اور احساس سے عاری ہوگئے ہیں۔