مشہور کھلونا ساز کمپنی میٹل (Mattel) نے پہلی بار ذیابیطس ٹائپ 1 کے ساتھ ایک باربی ڈول متعارف کروا دی۔
اس نئی فیشنسٹا باربی میں ناصرف دلکش انداز ہے بلکہ وہ ایک انسولین پمپ، کنٹینیوئس گلوکوز مانیٹر (CGM)، موبائل ایپ اور ذیابیطس سے متعلق دیگر ضروری سامان سے لیس ہے۔
یہ باربی ڈول اس لیے ڈیزائن کی گئی ہے تاکہ امریکا میں ٹائپ 1 ذیابیطس سے متاثرہ تقریباً 3 لاکھ 4 ہزار بچوں اور نوجوانوں کی نمائندگی کی جا سکے۔
ذیابیطس والی باربی Breakthrough T1D Children’s Congress کے واشنگٹن میں تین روزہ ایونٹ کے دوران لانچ کی گئی، اس کانگریس میں وہ بچے اور نوجوان شامل ہوتے ہیں جو ٹائپ 1 ذیابیطس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں اور وہ امریکی قانون سازوں سے ملاقات کر کے اسپیشل ڈائبیٹیز پروگرام کی فنڈنگ جاری رکھنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
شوگر کی مریضہ باربی خوبصورتی اور آگہی کا امتزاج ہے جو نیلے پولکا ڈاٹ والے ٹاپ اور منی اسکرٹ میں ملبوس ہے، کمر پر انسولین پمپ نصب ہے، بازو پر گلوکوز مانیٹر لگا ہے، موبائل فون پر بلڈ شوگر ایپ ہے اور شوگر کنٹرول کرنے کے لیے ہلکا نیلا ہینڈ بیگ تھاما ہوا ہے جس میں ناشتہ اور دیگر سپلائیز موجود ہیں۔
گڑیا کی گلوکوز مانیٹرنگ ایپ دراصل اس دن کے اصلی بلڈ شوگر ریڈنگز پر مبنی ہے جب اسے ڈیزائن کیا گیا تھا، جس میں بلڈ شوگر 130 mg/dl دکھایا گیا ہے جو کہ نارمل سطح میں شمار ہوتا ہے۔
ایملی مازریکو Breakthrough T1D کی ڈائریکٹر آف مارکیٹنگ خود بھی ٹائپ 1 ذیابیطس کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں اور اس گڑیا کی ڈیزائننگ میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
ٹوئے بکس ڈائیورسٹی لیب کی شریک بانی ڈاکٹر سیان جونز نے کہا ہے کہ جب بچے معذوریوں کے ساتھ کھلونے استعمال کرتے ہیں تو وہ حقیقی زندگی میں بھی معذور افراد کے ساتھ زیادہ ہمدرد اور سمجھدار بنتے ہیں۔