پاکستان کی ہاکی ٹیم ایشیا کپ ٹورنامنٹ کھیلنے بھارت نہیں جائے گی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف زہر اگل رہا ہے، بھارتی انتہا پسند تنظیمیں پاکستان ہاکی ٹیم کو کھلم کھلا دھمکیاں دے رہی ہیں، ہاکی ٹیم کو بھارت میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کھلاڑیوں کو نہیں بھیجا جا سکتا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ کھیلوں کو ملکی سیاستوں سے بالا تر رکھا ہے، افسوس بھارت نے کھیلوں کو سیاست کی نذر کیا اور متنازع بنایا ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف زہر اگلنے لگا ہے، انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے پاکستان ہاکی ٹیم کو کھلم کھلا دھمکیاں دی جانے لگی ہیں۔
خود بھارتی میڈیا نے خبریں دیں کہ بھارتی حکومت نے پاکستان ہاکی ٹیم کو بھارت آنے کی اجازت دے دی، دو دن گزرے اور بھارتی میڈیا نے زہر اگلنا شروع کردیا۔
بھارتی میڈیا کے ساتھ ساتھ مودی کی پارٹی بی جے پی کی گود میں پلنے والی آر ایس ایس سے جڑے اکاؤنٹس سے بھی پاکستان ہاکی ٹیم کو کھلم کھلا دھمکیاں دی جا رہی ہیں، سوشل میڈیا پر پاکستان ہاکی ٹیم کی تصاویر لگا کر پاکستان ہاکی کھلاڑیوں کو دھمکایا جا رہا ہے۔
ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ 27 اگست سے بھارت کے شہر راج گر میں ہوگا، ایسی صورتحال میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو بھارت جانا چاہیے؟ ٹیم بھیج کر پاکستانی کھلاڑیوں کی جانیں خطرے میں ڈالنی چاہئیں؟