لاہور قلندرز اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت کراچی میں 2 روزہ ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز مکمل ہو گئے جس کے بعد بوائز اور گرلز کی 15، 15 رکنی ٹیموں کا اعلان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں قلندرز اور پی ایم یوتھ پروگرام کے تحت دو روزہ ٹرائلز این ای ڈی یونیورسٹی میں ہوئے جس میں قلندرز کا حصہ بننے کے خواہشمند ہزاروں کرکٹرز نے شرکت کی۔
ٹرائلز مکمل ہونے کے بعد کوچز مرینہ اقبال اور ریاض آفریدی نے عاطف رانا کے ساتھ پریس کانفرنس میں کھلاڑیوں کا اعلان کیا۔
لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے کہا کہ کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں ٹرائلز میں شرکت ان کے قلندرز پر اعتماد کا ثبوت ہے، پلیئرز ڈیولپمنٹ کا سفر 10 سال پہلے شروع ہوا تھا، کھلاڑیوں کی ایک لمبی فہرست ہے جو اس پروگرام سے اوپر آئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کام پر وزیرِ اعظم نے اعتماد کیا اور ہم نے مل کر پلیئرز تلاش کرنے کا بیڑہ اٹھایا، کراچی میں 2 روز لاہور قلندرز پر اعتماد کرتے ہوئے 15 ہزار کے قریب پلیئرز ٹرائل دینے آئے، یہاں سے ہم حیدر آباد جائیں گے، سندھ سے 5 ٹیمیں منتخب ہوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت ہر صوبے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 5 ، 5 ٹیمیں بنیں گی جو ریجنل ٹورنامنٹ کھیلیں گی، اس کے بہترین پلیئرز نیشنل ٹورنامنٹ کھیلیں گے اور اس ٹورنامنٹ کے ٹاپ پلیئرز قلندرز کی اکیڈمی میں تربیت حاصل کریں گے۔
کوچز مرینہ اقبال اور ریاض آفریدی نے کراچی ٹرائلز میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کی تعریف کی۔
کراچی میں ٹرائلز کے بعد منتخب ہونے والی لڑکیوں کی ٹیم میں یسریٰ عامر، علیزے صابر، عاریجہ حسیب، آمنہ زاہد، تسکین فاطمہ، کائنات ایمان، عنیزہ عارف، سیدہ بتول فاطمہ، شبنم حیات، معصومہ جعفری، عبیرہ ریاض، فائقہ طارق، اریج عامر، مریم احمد اور عشاء نعیم شامل ہیں۔
بوائز ٹیم میں ارمان شہزاد، عبداللّٰہ جاوید، محمد صدیق، عمر فاروق، زین انور، حمزہ ملک، علی شعیب، ایم شاہیر، ایم فرمان، نوید اللّٰہ، سید زین، عبدالرؤف، معاذ شاہ آفریدی، عبدالجلیل اور سید ریحان شاہ شامل ہیں۔
2 روز ٹرائلز کے بعد منتخب ہونے والے پلیئرز نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔