صدر محسن نقوی نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا اجلاس ڈھاکا میں طلب کر لیا۔
ذرائع اے سی سی کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس 24 جولائی کو ڈھاکا میں ہوگا، اے سی سی نے اجلاس کا نوٹس رکن ممالک کو بھیج دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت اور سری لنکا نے اجلاس کا مقام اور تاریخ تبدیل کرنے کا کہا تھا، دونوں ممالک اجلاس کہیں اور کروانا چاہتے ہیں۔
ذرائع اے سی سی کے مطابق کوئی رکن ملک نہیں آ سکتا تو اسے آن لائن شرکت کا آپشن دیا گیا ہے، دنیا بھر میں آن لائن میٹنگز ہوتی ہیں، اے سی سی اور آئی سی سی کی بھی آن لائن میٹنگز ہوتی رہی ہیں۔
اس سے قبل بھارت نے ڈھاکا میں ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ بھارتی بورڈ نے اے سی سی کو وینیو تبدیل کرنے سے متعلق باضابطہ طور پر بتا دیا، میٹنگ دوسرے وینیو منتقل نہ کی تو بھارتی بورڈ میٹنگ سے دستبردار ہو سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی بورڈ کا بنگلادیش میں سیاسی صورتحال کے باعث وہاں جانا مناسب نہیں، بھارتی بورڈ اگست میں بنگلادیش میں سیریز بھی ملتوی کر چکا ہے۔