کراچی:
پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈپارچر پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے 72 ہزار 700 امریکی ڈالر کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
کسٹمز ترجمان رائے تنویر کے مطابق ایتھوپین ایئرلائن کی پرواز سے کیمرون جانے والے ایتھوپئین مسافر ایکانگا ارمنڈ کو شک کی بنیاد پر روکا گیا۔ مسافر کی جسمانی تلاشی اور سامان کی جانچ کے دوران جوتوں اور بیگ میں بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسی کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔
ترجمان کے مطابق حکام نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے رقم کو تحویل میں لے لیا اور مسافر کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
رائے تنویر نے مزید کہا کہ پاکستان کسٹمز غیر قانونی کرنسی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہا ہے اور ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔