چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے ٹیلنٹ سامنے لانے کے لیے وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے تحت بھرپور کام ہو رہا ہے، کراچی میں آج کرکٹ کے ٹرائلز کا آغاز ہوا ہے، مردوں کے ساتھ خواتین کو بھی آگے لانے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے جامعہ این ای ڈی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت تعلیم، صحت اور اسپورٹس پر کام کر رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پورے پاکستان سے ٹیلنٹ سامنے آئے۔
اس موقع پر سی ای او لاہور قلندر رانا عاطف، پاکستانی ٹاپ اسٹار شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، وائس چانسلر این ای ڈی ڈاکٹر محمد طفیل، ڈائریکٹر اسپورٹس ایچ ای سی جاوید علی میمن ، شیخ الجامعہ این ای ڈی ڈاکٹر محمد طفیل، وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے صوبہ سندھ کے فوکل پرسن فہد شفیق، سینئر سیاست دان نہال ہاشمی، راشد قریشی، فروا حسن اور دیگر موجود تھے۔
رانا مشہود نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ کا آغاز ہم نے کوئٹہ سے شروع کیا، آج ہم این ای ڈی میں ٹرائلز لے رہے ہیں، ماضی میں کراچی سے بڑے بڑے کرکٹرز سامنے آئے جنہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا، جو بچے بچیاں ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز کا حصہ ہیں ان بچوں کو لاہور قلندرز کے ہاتھوں میں دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز پورے پاکستان میں ٹرائلز لے رہی ہے، بائیو مکینک لیب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہم کو دی، ہم پوری کوشش کریں گے کہ اس لیب کو جلد از جلد ملک بھر میں شروع کیا جائے، میں سندھ کی قیادت کا مشکور ہوں۔
لاہور قلندرز کے سی ای او رانا عاطف نے کہا کہ میں رانا مشہود کا مشکور ہوں جنہوں نے ہمیں موقع دیا، ہم نے بلوچستان میں پروگرام شروع کیا جہاں سے بہترین ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، آج کراچی میں سندھ بھر کا ٹیلنٹ سامنے ہے، ان میں کچھ بچے ایسے بھی ہیں جو ارشد ندیم کی طرح سامنے آئے ہیں، وہ غریب علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ یہ کھلاڑی بھی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کا سبب بنیں گے، ٹرائلز میں سلیکٹ ہونے والے کھلاڑیوں کو سندھ کے مختلف ریجن میں شامل کیا جائے گا۔
شیخ الجامعہ ڈاکٹر طفیل کا کہنا ہے کہ بائیو مکینکس لیب اور ورلڈ کلاس سہولتیں این ای ڈی ہمہ وقت نوجوانوں کو فراہم کرنے کو تیار ہے۔
جاوید علی میمن نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی نمایاں اور حالیہ فاتح ٹیم لاہور قلندرز کے اشتراک سے سندھ کے مختلف شہروں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے کرکٹ ٹرائلز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، یہ ٹرائلز حیدرآباد، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور سکھر میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔