اسلام آباد:
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی ان کے بچوں یا بہنوں سے نہیں بلکہ ان کے اپنے طرزِعمل پر منحصر ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر لیگی رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کے بچے پاکستان آ کر سیاست کرنا چاہتے ہیں تو وہ آئیں اور قانون کے دائرے میں رہ کر تحریک چلائیں، تو کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ بانی تحریک انصاف کی رہائی نہ تو ان کے بچوں سے ممکن ہے اور نہ ہی بہنوں سے، بلکہ یہ معاملہ مکمل طور پر ان کے اپنے رویے اور طرز عمل پر منحصر ہے۔
عرفان صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے بچوں کو سیاست میں لانے کے خواہاں ہیں اور اگر وہ قانون کے مطابق سرگرمیاں کریں گے تو انہیں اس کا حق حاصل ہے،تاہم رہائی جیسے معاملات سیاسی دباؤ یا خاندانی اثر سے نہیں بلکہ قانونی دائرے میں رہتے ہوئے فیصلہ پاتے ہیں۔
لیگی رہنما نے خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں حکومت کی تبدیلی کی کوئی بات زیر غور نہیں اور پیپلز پارٹی اس وقت اتحادی جماعت کے طور پر حکومت کا حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری ایک مدبر اور تجربہ کار رہنما ہیں، جنہوں نے ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں کی بلکہ حکومت کو مضبوطی سے آگے بڑھنے کا موقع دیا ہے۔
چینی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سوال پر عرفان صدیقی نے کہا کہ حکومت نے اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں اور بیرون ملک سے چینی درآمد کرنے کا فیصلہ بھی اسی مقصد کے تحت کیا گیا ہے۔ حکومت مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔