سونیا حسین اور یاسر حسین کراچی میں انتقال کر جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین کی ذمے داری اٹھانے کےلیے میدان میں آگئے۔
ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی موت نے شوبز انڈسٹری اور ان کے مداحوں کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا، حمیرا کے اہل خانہ کے لاش وصول کرنے سے انکار پر شوبز برادری کی کئی شخصیات ان کی تدفین کی ذمے داری اٹھانے کےلیے تیار ہیں۔
سماجی کارکن مہر بانو سیٹھی نے سب سے پہلے حمیرا اصغر کی تدفین کی ذمہ داری لینے کا اعلان کیا، جس کے بعد اداکارہ سونیا حسین نے بھی اس نیک مقصد میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔
سونیا حسین نے ایک جذباتی ویڈیو پیغام میں کہا کہ مجھے یہ خبر ملی کہ حمیرا کا انتقال ہو چکا ہے اور ان کے گھر والے ان کی لاش وصول نہیں کر رہے۔ میں یہ سن کر سکتے میں آ گئی ہوں کہ کیا گناہ کیا تھا اُس لڑکی نے؟ میں کسی کو نصیحت کرنے نہیں آئی، لیکن اگر خدا نخواستہ کوئی نہ آیا، تو ایک انسان اور مسلمان ہونے کے ناطے میں اس کے کفن دفن کی ذمہ داری لینا چاہتی ہوں۔
سونیا ویڈیو میں آبدیدہ ہو گئیں اور سب سے اپیل کی کہ اپنے گھر والوں، ہمسایوں اور دوستوں سے رابطے میں رہا کریں۔
اداکار یاسر حسین نے سونیا حسین کی ویڈیو کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ذمہ داری سونیا حسین کو ملنی چاہیے ورنہ میں بھی حاضر ہوں، جس انڈسٹری کی وجہ سے مرحومہ کے گھر والوں نے قطع تعلق کیا وہ انڈسٹری حاضر ہے۔
شوبز سے وابستہ افراد اور مداحوں نے سونیا اور یاسر کے اس انسان دوست اقدام کی بھرپور تعریف کی۔
سمیع خان نے کہا، ’مور پاور ٹویو‘، غنا علی نے لکھا، ’میری پیاری سونیا خدا تمھارا بھلا کرے‘، علی کاظمی نے لکھا، ’یہ سب سے خوبصورت اور بنیادی انسانی قدم ہے، بہت فخر ہے تم پر۔‘