معروف اداکارہ اور ماڈل حمیرا اصغر کی افسوسناک موت اور اس کے بعد ان کے والد کا بیٹی کی لاش وصول کرنے سے انکار پر سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
32 سالہ حمیرا کی لاش تقریباً 6 ماہ بعد ان کے ڈیفنس فیز 6 کراچی میں واقع فلیٹ سے ملی، جہاں وہ تنہا رہائش پذیر تھیں۔
پولیس کے مطابق جب انہوں نے حمیرا کے والد سے لاہور میں رابطہ کیا اور ان سے بیٹی کی میت وصول کرنے کا کہا، تو انہوں نے سرد لہجے میں بیٹی سے تعلق توڑنے اور پھر لاش وصول نہ کرنے کا کہا۔
انسانی رشتوں کی اس بےحسی پر انٹرنیٹ صارفین کا شدید ردِعمل سامنے آیا ہے، مختلف پلیٹ فارمز پر لوگوں نے افسوس، صدمے اور غصے کا اظہار کیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ انسان کس حد تک بے حس ہو سکتا ہے؟ اپنی اولاد کی لاش کو چھوڑ دیتا ہے؟ دوسرے نے کہا کہ ایسے والدین قیامت کے دن بھی جوابدہ ہوں گے۔
کسی نے سخت الفاظ میں تنقید کی کہ ایسا شخص باپ کہلانے کے قابل نہیں۔
اداکارہ حمیرا اصغر نے ریئلٹی شو ’تماشہ‘ سمیت متعدد ڈراموں اور فلموں میں کام کیا، ساتھی فنکار اور مداح اب ان کے آخری سفر کے انتظامات خود کر رہے ہیں۔
سونیا حسین، یاسر حسین اور دیگر شخصیات نے نمازِ جنازہ اور تدفین کا ذمہ اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔