فلم پروڈیوسر، رائٹر اور ڈائریکٹر جمشید محمود عرف جامی نے سزا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
ڈائریکٹر جمشید محمود عرف جامی نے سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی اپیل میں مؤقف اختیار کیا کہ جس جرم میں سزا سنائی گئی وہ قابلِ ضمانت ہے، ماتحت عدالت نے سنائی گئی سزا میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے، الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں۔
ڈائریکٹر جامی نے ماتحت عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کالعدم قرار دینے کی استدعا بھی کی ہے۔
یاد رہے کہ جمشید جامی کے خلاف فلم، میوزک ڈائریکٹر سہیل جاوید نے ڈائریکٹ کمپلین دائر کی تھی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے جمشید محمود عرف جامی کو 2 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سناتے ہوئے تحریری فیصلے میں لکھا تھا کہ ملزم نے شکایت کنندہ کے خلاف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر غیر محتاط رویہ اپنایا، ملزم توہین آمیز مواد کی تردید اور خود کو علیحدہ رکھنے میں بھی ناکام رہا۔