بالی ووڈ کی کامیاب اداکارہ کاجول کا کہنا ہے کہ ابراہیم علی خان اور دیگر اسٹار کڈز کو اسکرین پر خود کو نئے انداز میں پیش کرنا ہو گا جو ’ڈو اور ڈائی‘ کی صورتِ حال ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کاجول نے بھارتی فلم انڈسٹری میں اسٹار کڈز کو اپنی اداکاری کی مہارت کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا کرنے کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹار کڈز کو اب اداکار کے طور پر پروان چڑھنے کی بجائے فوری نتائج دینے کے دباؤ کا سامنا ہے۔
اداکارہ کاجول ماضی کی اسٹار تنوجا کی بیٹی اور اپنی نسل کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، انہوں نے بتایا ہے کہ مجھے پروان چڑھنے کےلیے وقت اور موقع ملا تھا۔
کاجول نے بتایا کہ ٹرولز تو آپ پر تنقید کریں گے چاہے آپ کے والدین مشہور ہوں یا نہ ہوں لیکن شاید ہم ان کی بات پر تھوڑا زیادہ دھیان دیتے ہیں جب وہ کسی ایسے شخص کے بارے میں بات کر رہے ہوں جس کے والدین مشہور شخصیت یا اداکار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پروان چڑھنے کا موقع ملا، ہمیں وقت دیا گیا یا شاید اتنی فلمیں ملیں کہ ہم آگے بڑھ سکیں اور وہ بن سکیں جو ہم آج ہیں، جبکہ آج کے اداکاروں کے بچوں کے لیے یہ تقریباً ڈو اور ڈائی کی صورتِ حال ہے اور اس کے لیے وہ بہت اچھی طرح تیار ہیں، جس کا کریڈٹ تو انہیں دینا پڑے گا۔
50 سالہ اداکارہ آنے والی فلم سر زمین میں سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم علی خان کی ماں کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، ابراہیم کو ان کی پہلی فلم نادانیاں میں ان کی اداکاری پر بری طرح ٹرول کیا گیا تھا۔
کاجول نے کہا کہ اداکاروں کے مسلسل ارتقاء کے لیے خود کو نئے انداز میں پیش کرنا کلیدی حیثیت رکھتا ہے، اداکاروں کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ آپ کو وہ سب کچھ بھلانا ہو گا جو آپ نے پہلے سیکھا ہے اور نئی چیزیں کرتے رہنا ہو گا، چاہے وہ کچھ بھی ہوں۔
ان چیلنجوں کے باوجود کاجول نے موجودہ دور کے اداکاروں کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ناصرف اداکاری کے ذریعے بلکہ دیگر منصوبوں میں شامل ہو کر بھی طویل مدت کی کامیابی کی تلاش میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب طویل مدت کی کامیابی کا مطلب کچھ اور ہے جو میرے دور کی طویل مدت کی کامیابی شاید نہ ہو لیکن آج کے دور میں ان تمام اداکاروں کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ مختلف قسم کی فلمیں لاتے رہیں گے اور وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ دیگر کام بھی کریں گے، ان کے لیے یہ صرف فلموں تک محدود نہیں ہو گا تو ان کی طویل مدت کی کامیابی شاید فلموں تک محدود نہ رہے۔
واضح رہے کہ کاجول آخری بار فلم ’ماں‘ میں نظر آئی تھیں، جو ایک دیومالائی ہارر فلم ہے، جس کے ہدایت کار ’چھوری‘ سے شہرت پانے والے وشال فیوریا تھے۔