ایم کیوایم پاکستان کے تحت شہدائے اردو لیاقت آباد کے لیے دعائیہ تقریب کراچی میں منعقد ہوئی اور ایم کیو ایم کے اراکین سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلی نے شہدائے اردو کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر ایم کیوایم کے رہنما سید حیدر عباس رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم قائد اعظم کو اس ریاست کا بابائے اعظم تصور کرتے ہیں، قائد اعظم نے اپنی تقریر میں اردو کو قومی زبان قرار دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر لوگ سمجھتے ہیں کہ اردو مہاجروں کی مادری زبان ہے تو بتانا چاہتا ہوں کہ مہاجر 12 سے 14 زبانیں بولتے ہیں۔
حیدر عباس رضوی نے کہا کہ یہ کوئی مہاجر مسئلہ نہیں ہے، 1972ء میں متنازع لسانی بل کے خلاف لوگ اردو اور ریاستِ پاکستان کے حق میں باہر نکلے تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 1972ء کے احتجاج میں پولیس نے بربریت کا مظاہرہ کیا تھا، لاتعداد لوگ پولیس کی فائرنگ سے شہید ہوئے اور یہ آج بھی انصاف کے طلب گار ہیں۔