اسلام آباد:
ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے نئے چیئرمین کی تعیناتی کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے اور اس حوالے سے وفاقی وزیرتعلیم اور سرچ کمیٹی کے سربراہ کی صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت سرچ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جہاں وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
سرچ کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں وزیر مملکت وجیہہ قمر، سیکریٹری تعلیم ندیم محبوب، دیوان اور آغا خان یونیورسٹی کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس موقع پر کہا کہ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کی تعیناتی کا عمل شفاف اور میرٹ پر مبنی ہوگا اور تعیناتی کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شفافیت، میرٹ اور تیز تر کارروائی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، تعلیم کا معیار بلند کرنے کے لیے قیادت کا درست انتخاب ناگزیر ہے۔
حکام کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی کی مدت ملازمت 29جولائی کو ختم ہو رہی ہے اور ذرائع نے دعویٰ کیا کہ چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی میں تاخیر ہو سکتی ہے تاہم سرچ کمیٹی کے اجلاس کے بعد موجودہ چیئرمین ایچ ای سی کی توسیع کے حوالے سے افواہیں دم توڑنا شروع ہو گئی ہیں۔
ایچ ای سی کے چیئرمین کی تعیناتی کے لیے قائم سرچ کمیٹی کا اگلا اجلاس 16 جولائی 2025 کو منعقد ہوگا۔