فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ خطے میں امن کا واحد راستہ دو ریاستی حل ہے۔
برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب میں فرانسیسی صدر نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی ہونا فوری نوعیت کا مسئلہ ہے، جنگ ختم نہ ہونا پورے خطے کے لیے خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور فرانس کو انٹرنیشنل آرڈر کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، ہمیں امریکا اور چین پر حد سے زیادہ انحصار ختم کرنا ہوگا۔
فرانسیسی صدر میکرون نے مزید کہا کہ یورپ یوکرین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔
اپنے خطاب میں میکرون کا مزید کہنا تھا کہ فرانس اور برطانیہ چھوٹی کشتیوں کے ذریعے غیرقانونی ہجرت روکنے کے لیے مل کر کام کریں گے اور نتیجہ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی مدد بھی ضروری ہے تاکہ ایک مستقل اور مؤثر حل ممکن ہوسکے، 2025 کے پہلے چھ ماہ میں چھوٹی کشتیوں کے ذریعے برطانیہ آنے والوں کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے۔
بریگزٹ پر نرم تنقید کرتے ہوئے ایمانویل میکرون نے کہا کہ اگرچہ برطانیہ اب یورپی یونین کا حصہ نہیں رہا لیکن یورپ کی سلامتی، معیشت اور جمہوریت ایک دوسرے سے جُڑے ہوئے ہیں۔